جمعرات، 5 نومبر 2026
خیبر پختونخوا

پشاور ہائی کورٹ: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور اسپیکر بابر سلیم سواتی کی جبری گمشدگی کی درخواستیں لارجر بنچ کو بھجوا دی گئیں

پشاور ہائی کورٹ میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور اسپیکر بابر سلیم سواتی کی جبری گمشدگی و حبس بے جا کی درخواستوں پر رپورٹ پیش نہ ہو سکی، عدالت نے معاملہ لارجر بنچ کے لیے چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔

شیئر کریں

پشاور ہائی کورٹ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی جبری گمشدگی و حبس بے جا کی رٹ درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت کی جانب سے صوبائی انتظامیہ کو نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس ارشد علی اور جسٹس فہیم علی نے صوبائی انتظامیہ کو 30 اکتوبر تک لاپتہ وزیر اعلیٰ اور اسپیکر صوبائی اسمبلی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم گورنر کی انتظامیہ نے اس حکم پر عمل نہیں کیا۔

آج سماعت کے دوران گورنر کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت میں کوئی رپورٹ پیش کرنے کے بجائے مزید تین دن کی مہلت مانگ لی۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ اور اسپیکر اسمبلی کا معاملہ لارجر بنچ میں مقرر کرنے کے لیے آج ہی چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو بھجوا دیا، جبکہ حکم عدولی پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ لارجر بنچ کب تشکیل پاتا ہے اور حکومت عدالت میں کیا رپورٹ پیش کرتی ہے۔ اس واقعے سے بظاہر یہ تاثر ملتا ہے کہ گورنر کی انتظامیہ عدالتی احکامات کو اہمیت نہیں دے رہی، جبکہ دوسری جانب عدالت بھی اپنے احکامات پر عمل درآمد کرانے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔