کرک میں فائرنگ کا واقعہ، ڈی ایس پی عمران الدین اور ایس ایچ او افضل اعوان سمیت 4 اہلکار شہید
کرک: تھانہ خرم کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین، ایس ایچ او تھانہ لتمبر افضل اعوان اور دو دیگر پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین نے دورانِ سروس متعدد دھمکیوں اور دباؤ کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ڈٹ کر فرائض انجام دیتے رہے۔ وہ اپنی بہادری اور فرض شناسی کے باعث پہچانے جاتے تھے۔ آج وطن کے دفاع اور امن کے قیام کی جدوجہد میں انہوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
واقعے میں ایس ایچ او تھانہ لتمبر افضل اعوان بھی شہید ہوگئے، جو علاقے میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لیے پُرعزم تھے۔ انہوں نے بھی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان وطن پر قربان کردی۔
واقعے میں دو دیگر پولیس اہلکاروں کی شہادت بھی ہوئی۔ چاروں اہلکاروں کی قربانی نے ایک بار پھر امن کے قیام کے لیے پولیس اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا۔







